واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے/اے ایف پی) صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر امریکہ کی فوج نے شام کے مشرقی علاقے میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ جس کے نتیجے میں 17 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
امریکی محکمۂ دفاع کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر بائیڈن کی ہدایت کی روشنی میں جمعرات کی شام کو یہ کارروائی کی گئی۔ اُن کے بقول فضائی کارروائی میں اُن ٹھاکوں کو نشانہ بنایا ہے جو ایران کی حمایت یافتہ گروہوں کے زیرِ استعمال تھے۔
یہ کارروائی عراق میں امریکی اہداف پر کئی میزائل حملوں کے بعد کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ایک ایرانی گروپ کو شام کی سرزمین پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکا نے ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا تاہم انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والے ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے دعوی کیا ہے کہ ان حملوں میں سترہ ایران نواز جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
#UPDATE US airstrikes have struck facilities in Syria used by Iran-backed armed groups.
Syrian Observatory for Human Rights says 17 people were killed when the strike hit three trucks loaded with munitions coming from Iraq near the Syrian city of Bukamalhttps://t.co/ukYhN4lGvq pic.twitter.com/mxegNnl60s
— AFP News Agency (@AFP) February 26, 2021
یاد رہے کہ امریکی فوج نے یہ کارروائی ایسے موقع پر کی ہے جب حال ہی میں عراق میں امریکی تنصیبات پر راکٹ حملے ہوئے تھے۔
امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ “اس کارروائی کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ امریکہ ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کو سزا دینا چاہتا ہے۔”
حکام کے مطابق امریکہ صورتِ حال کو کشیدگی کی جانب نہیں لے جانا چاہتا۔
امریکی فوج نے گزشتہ چند برس میں راکٹ حملوں کے جواب میں متعدد بار جوابی کارروائی کی ہے۔ تاہم حالیہ کارروائی ایسے موقع پر کی گئی جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے پر ایک مرتبہ پھر بات چیت کی بحالی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
محکمۂ دفاع کے ترجمان کے مطابق صدر بائیڈن امریکیوں اور اپنے اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔ یہ کارروائی جواب کے طور پر کی گئی ہے اور ہمارا مقصد مشرقی شام اور عراق میں مجموعی طور پر کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو شام کی سرحد کے قریب ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کتائب حزب اللہ اور کتائب سید الشہدا کے زیرِ استعمال متعدد تنصیبات کو تباہ کیا گیا ہے۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران عراق میں امریکی فورسز کے زیرِ استعمال تنصیبات پر راکٹ حملوں کے واقعات رونما ہوئے تھے۔
پندرہ فروری کو اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع امریکہ کے زیرِ استعمال بیس پر راکٹ داغا گیا تھا جس میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور متعدد کنٹریکٹرز سمیت ایک فوجی زخمی ہوا تھا۔
مذکورہ کارروائی کے اگلے ہی روز عراق کے شمال میں واقع امریکی بیس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک کنٹریکٹر زخمی ہوا۔
پیر کو ایک مرتبہ پھر عراق کے گرین زون میں راکٹ داغے گئے جہاں امریکہ سمیت مختلف ملکوں کے سفارت خانے موجود ہیں۔
دوسری جانب رواں ہفتے کے آغاز میں ایرانی حمایت یافتہ تنظیم کتائب حزب اللہ نے امریکی فورسز کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنانے کی کسی بھی کارروائی میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں کی ذمہ داری بعض چھوٹے گروہوں نے قبول کی ہے جس کا مقصد امریکی فورسز کو خوف زدہ کرنا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے 2019 میں عراق میں ایک بڑی جوابی کارروائی کی تھی جس میں ایران کے ملٹری کمانڈر قاسم سلیمانی اور کتائب حزب اللہ کے چیف مارے گئے تھے۔