حوثی باغیوں کا سعودی تیل تنصیب پر راکٹ حملہ

ریاض (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر یمن کے حوثی باغیوں نے راکٹ حملہ کیا تاہم آئل پلانٹ پر گرنے والے راکٹ کے ٹکڑے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت توانائی نے ملک کے مشرقی علاقے راس تنورہ میں تیل کی تنصیبات میں سے ایک پر راکٹ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ راکٹ کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ فضا میں تباہ ہونے والے راکٹ کے ٹکڑے آئل پلانٹ پر گرے جس سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا اور تیل کی ترسیل بھی معمول کے مطابق جاری رہی۔

ادھر یمن میں حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ راکٹ حملے میں آئل پلانٹ کا پائپ تباہ ہوگیا جس سے بڑی مقدار میں تیل ضائع ہوگیا اور پلانٹ سے تیل کی ترسیل بھی رک گئی تھی۔

واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومت اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے مابین 2014 سے جنگ جاری ہے اور اب جنگجوؤں نے یمن کے سرحدی علاقے سے سعودی عرب میں ہوائی اڈوں اور آئل ٹینکرز پر حملے شروع کردیئے ہیں۔

حوثی ملیشیا نے ستمبر سن دو ہزار چودہ سے یمن کے دارالحکومت صنعا پر اپنا کنٹرول قائم کر رکھا ہے۔ یمن میں خانہ جنگی نے ملکی معيشت کو پہلے ہی تباہ کر رکھا ہے۔ اس انتہائی غریب عرب ملک ميں مہنگائی بہت زیادہ ہے جبکہ غربت اور بھوک کئی گنا بڑھ چکی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں