نیامے (ڈیلی اردو) نائیجر میں دہشت گردوں نے دیہاتوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 137 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے سوڈان کے جنوب مغربی علاقے میں واقع دیہاتوں پر حملے کیے جس میں نائیجر حکومت نے اب تک 137 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ اسے ملک میں جاری تشدد کی لہر کا خونی دن قرار دیا ہے۔
137 killed in Niger hours after court validated election of Bazoum https://t.co/7RF9cxBdU5
— Daily Post Nigeria (@DailyPostNGR) March 23, 2021
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام کا بتانا ہےکہ اتوار کے روز مسلح حملہ آوروں نے مالی کی سرحد کے قریب واقع تین دیہاتوں پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کا سلسہ جاری رکھا۔
مقامی حکام نے حملے کے نتیجے میں پہلے 60 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تاہم حکومت نے پیر کے روز واقعے میں 137 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ نائیجر کے جن تین دیہاتوں پر حملہ کیا گیا ہے وہ مغربی علاقے میں جاری تصادم کے لیے مرکزی علاقے سمجھے جاتے ہیں جہاں سے القاعدہ اور داعش کے جنگجوؤں کو معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
پیر کے روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے نے جنوری میں ہوئے قتل عام کی خوفناک یادیں تازہ کردی ہیں جب تیلاباری کے مینگیز ضلع کے دو گاوں پر انتہاپسندوں نے حملہ کرکے کم ازکم 100 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
یہ علاقہ جہادی سرگرمیوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق انسداد دہشت گردی کے اقدامات کی وجہ سے صورت حال مزید خراب ہوگئی ہے کیونکہ اس سے نسلی ملیشیا کو تقویت ملی ہے۔
واضح رہے کہ نائیجر میں 15 مارچ کو بھی حملہ آوروں نے مارکیٹ سے آنے والی شہریوں سے بھری بس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک ہوئے تھے۔