راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے تناظر میں آئی ایس پی آر کی جانب سے آج اہم پریس کانفرنس منعقد ہوگی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر پلوامہ واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے سلسلے میں بات کریں گے۔
خیال رہے گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے بھارتی محاذ آرائی پر مسلح افواج کو منہ توڑ جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی گئی، پلوامہ حملے کی تحقیقات میں تعاون کی ایک بار پھر پیش کش کی گئی۔
اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے واضح کیا کہ ریاست اپنے عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی، انھوں نے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کا منصوبہ مقامی سطح پر تیار کیا گیا۔