10

کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی واحد رئیسانی ہلاک

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی واحد رئیسانی ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی شام کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بینک کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے روزنامہ آزادی کے رپورٹر عبدالواحد رئیسانی کو شدید زخمی کردیا تاہم ہسپتال منتقلی کے دوران وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال منتقل کردی پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال منتقل کردی۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

10 اپریل کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں نامعلوم مسلح افراد نے مقامی صحافی وسیم عالم کو گولی مار قتل کردیا تھا۔

18 مارچ کو صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں نامعلوم مسلح افراد نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ہندو صحافی اجے لالوانی کو گولی مار قتل کردیا تھا۔

پاکستان کو صحافیوں کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے رپورٹ کے مطابق سال 2020 میں دنیا بھر میں 65 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میکسیکو میں سب سے زیادہ صحافی قتل کیے گئے ہیں جن کی تعداد 14 ہے جبکہ صحافیوں کیلئے دوسرا خطرناک ترین ملک افغانستان رہا جہاں 10 صحافی قتل کیے گئے۔ جبکہ صحافیوں کے لئے تیسرا خطرناک ترین ملک پاکستان رہا ہے جہاں 9 صحافیوں کو قتل کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں