14

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے لیے میچ کا آغاز اچھا نہ ہوسکا جب اوپنر جیمز وینس کھاتہ کھولے بغیر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عمر صدیق اور جانسن چارلس نے 80 رنز کی ایک اچھی شراکت بنائی جس میں صرف 20 رنز عمر صدیق کے حصے میں آئے۔

جانسن چارلس نے سلطانز کی جانب سے سب سے زیادہ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا اسکور 84 رنز تھا اور یہ تیسری وکٹ تھی جس کے بعد ڈینیئل کرسچن اور کپتان شعیب ملک نے اسکور کو 117 رنز تک پہنچایا۔

شعیب ملک نے 22 رنز بنائے جبکہ شاہد آفریدی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 14 رنز کا اضافہ کیا۔

ملتان سلطانز نے جانسن چارلس کی نصف سنچری کی بدولت اپنی تمام وکٹیں کھو کر 145 رنز بنائے اور زلمی کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرلیں۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور لیگ میچ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامران اکمل ایک مرتبہ پھر ناکام ہوکر 4 رنز بنانے کے بعد 6 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

اس مرتبہ امام الحق پشاور زلمی کے ہیرو بن کے سامنے آئے، جنہوں نے پہلے ڈیوڈ ملان کے ساتھ 68 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور اس کے بعد لیام ڈاسن کے ساتھ مل کر 40 رنز کی شراکت قائم کی۔

ڈیوڈ ملان 38 رنز بنا کر 74 کے مجموعے جبکہ لیام ڈاسن 18 رنز بنا کر 114 کے مجموعے پر ڈینیئل کرسچن کا شکار بنے۔

تاہم امام الحق جنید خان کی گیند پر 52 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کو جیت کے لیے جب 18 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے تب کیرون پولارڈ نے 18ویں اوور میں محمد عرفان کو 4 لگاتار چھکے لگا کر میچ کو مکمل طور پر اپنے حق میں کر لیا۔

کیرون پولارڈ 25 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے 6 رنز درکار تھے، تاہم کپتان ڈیرن سیمی نے سلطانز کے ہدف کو پورا کرکے ٹیم کو 2 اہم پوائنٹس دلوائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں