کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں طالبان کے حملے بڑھ گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 150 افغان فوجی ہلاک کردئے، صوبہ غور کا ضلع شَہرَک مکمل طور پر طالبان کے قبضے میں چلاگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں طالبان کے حملوں میں خوفناک اضافہ ہونے لگا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں طالبان کے حملوں میں ڈیڑھ سو افغان فوجی ہلاک ہوگئے، افغانستان کے 34 میں سے 26 صوبوں میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔
طالبان نے صوبہ غور کے ضلع شہرک کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، جسکے بعد مسلح گروہ نے مضافاتی اضلاع پر حملے تیز کردیے ہیں، کابل سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع صوبہ وردک کا ضلع نرخ بھی طالبان کے قبضے میں چلا گیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد افغانستان کے دورے پر کابل پہنچ گئے۔ خلیل زاد کے ہمراہ امریکی وفد بھی کابل میں موجود ہے، جسکی صدراشرف غنی اور ہائی کونسل برائے افغان مفاہمت کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
خلیل زاد کا کہنا ہے کہ افغانستان کےپاس دو ہی راستے ہیں یا تو سیاسی حل تلاش کرے یا پھر جنگ جاری رکھے۔