افغانستان: قندوز میں سیکورٹی فورسز نے طالبان کا حملہ پسپا کر دیا، 28 طالبان ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے سیکیورٹی فورسز نے رات گئے طالبان کی جانب سے شمالی صوبہ قندوز کے 2 اضلاع پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے کم از کم 27 دہشت گردوں کو ہلاک اور 15 دیگر کو زخمی کر دیا ہے۔

صوبائی پولیس نے ہفتے کے روز اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی میں سیکورٹی فورسز کا ایک رکن بھی ہلاک ہوا ہے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ شدید لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب بندوقوں اور بھاری ہتھیاروں سے مسلح سینکڑوں طالبان دہشت گردوں نے صوبائی دارالحکومت قندوز شہر سے 25 کلومیٹر مشرق میں واقع ضلع خان آباد اور شہر سے 15 کلومیٹر جنوب میں واقع ہمسائیہ ضلع علی آباد پر حملہ کیا۔

بیان میں کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے علی آباد سے طالبان دہشت گردوں کو پسپا کر دیا ہے اور خان آباد کو دشمنوں سے پاک کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

نائب ضلعی سربراہ قدرت اللہ صافی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے شِنہوا کو بتایا کہ خان آباد میں ہفتے کی صبح سے اکا دکا جھڑپیں جاری ہیں جبکہ طالبان جوابی حملے کے دوران شہریوں کی املاک کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے کے اوائل میں جب سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کو جواب دینے میں مصروف تھیں تب عسکریت پسندوں نے ضلع کے وسطی علاقوں کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے خان آباد کو اپنے کنٹرول میں لینے کی کوشش کی۔

حالیہ ہفتوں میں طالبان دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر حملہ کر کے افغانستان کے متعدد مضافاتی اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں