افغانستان: قندوز شہر پر طالبان کا حملہ پسپا

قندوز (ڈیلی اردو/شِنہوا) افغانستان کے شمالی صوبے قندوز پر طالبان دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا گیا ہے اور دہشت گردوں جانی نقصان اٹھانے کے بعد فرار ہو گئے ہیں۔

شمالی علاقے میں فوج کے ترجمان کیپٹن عبدالرزاق نے ہفتے کے روز شِنہوا کو بتایا کہ ہفتے کے دن کے اوائل میں طالبان دہشت گردوں نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے قندوز شہر پر حملہ کیا لیکن وہ جانی نقصان اٹھانے کے بعد 6 لاشیں پیچھے چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔

حملہ کرنیوالے دہشت گردوں نے قندوز شہر کے باہر ایک فوجی اڈے کے پاس بارود سے بھری فوجی گاڑی کو بھی دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی لیکن اس کی نشاندہی ہونے پر فوجیوں نے اسے نشانہ بنا دیا۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ اس کے نتیجے میں گاڑی کے اندر موجود مزید کچھ عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ کے دوران 5 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

طالبان کی جانب سے ابھی تک اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں