اسلام آباد (ویب ڈیسک) بھارتی طیاروں کو مار گرانے والے پاکستانی پائلٹ کی تصویر منظر عام پر آگئی۔ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی نے بھارتی جنگی طیارے کو نشانہ بناکر تباہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاک فضائیہ حرکت میں آگئی اور بھر پور جواب دیتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے اور دو پائلٹس کو گرفتار کرلیا۔
جس کے بعد بھارتی طیاروں کو مار گرانے والے پاکستانی پائلٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، پاک فضائیہ کے ہیرو اسکواڈرن لیڈر حسن جنہوں نے آج صبح بھارتی جنگی طیارے کو نشانہ بناکر مار گرایا۔
صارفین نے ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہمیں آپ پر فخر ہے ، آپ نے ایم ایم عالم کی یاد تازہ کر دی۔
بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فضائیہ کی جانب سے دو بھارتی طیاروں کو مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ایک بھارتی طیارہ آزاد کشمیر اور دوسرا طیارہ مقبوضہ کشمیر کی حدودمیں گرا۔
دوسری جانب بھارتی دراندازی کے خلاف پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائی کے بعد ’پاکستان آرمی زندہ باد‘ کے نام سے ہیش ٹیگ دنیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کی ویڈیو شیئر کرنے لگے۔
پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا یہ لو سرپرائز نیٹ پاکستانیوں نے لکھا “تم نے دو درخت گرائے، ہم نے تمہارے دو طیارے اڑا دیئے۔”
پاکستانیوں نے بھارتی میڈیاکی ویڈیوز بھی شیئر کی اور کہا یہ خود اقرار کر رہےہیں کہ پاکستانیوں کو موت کاخوف نہیں۔