افغانستان: بدخشاں میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان میں شدید جھڑپیں، 23 ہلاک

کابل (بیورو رپورٹ/شِنہوا) افغانستان کے شمالی صوبہ بدخشاں میں حکومتی فورسز اور طالبان دہشت گردوں کے مابین شدید لڑائی جاری ہے جس میں 20 طالبان دہشت گرد اور 3 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

صوبے میں فوج کے ایک کپتان عبدالرزاق نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ہفتے کے روز مقامی میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بدخشاں میں مجموعی طور پر 20 طالبان دہشت گرد اور 3 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

افسر نے مزید بتایا کہ مزید 10 طالبان دہشت گرد اور 5 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثناء کچھ مقامی افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طالبان دہشت گردوں نے بدخشاں کے تگاب، کشیم، تشکن اور شہر بزرگ اضلاع کے صدر مقامات پر قبضہ کر لیا ہے۔

تاہم بدخشاں کی صوبائی حکومت کے ترجمان نیک محمد نذری نے چینی خبر رساں ادارے شِنہوا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان اضلاع پر طالبان دہشت گردوں کے قبضہ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑائی ابھی بھی جاری ہے۔

یکم مئی کو امریکہ کی زیر قیادت فورسز کے افغانستان سے انخلاء کے آغاز کے بعد سے طالبان دہشت گردوں نے اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں