دوشنبے (ڈیلی اردو/آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کو خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر سمجھتا ہے ،علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر اور سوچ میں گہری مماثلت، خوشی کا باعث ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کی۔
تاجک وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا ۔تاجک وزیر خارجہ نے دورہ تاجکستان کی دعوت قبول کرنے اور دشنبے آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات وزارت خارجہ تاجکستان میں ہوئی ۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے تاجک ہم منصب کو شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی اور اعلیٰ انتظامات پر مبارکباد دی۔دونوں وزرائے خارجہ نے اپنی قیادت کے وڑن کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ اقتصادی، تجارتی و عوام کی سطح پر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ایس – سی – او سمیت بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کو سراہتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ،اس موقع پر افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں وزرائے خارجہ کا دو طرفہ تعاون اور اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر شاہ محمود کاکہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی بیسویں سالگِرہ کے موقع پر وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا انعقاد اور اس میں شرکت باعثِ مسرت ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تاجک صدر امام علی رحمان کے حالیہ دورہ ء پاکستان سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، مزید مستحکم ہوئے،علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر اور سوچ میں گہری مماثلت، خوشی کا باعث ہے۔
وزیر خارجہ نے تاجک ہم منصب کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر سمجھتا ہے ،پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔