16

پاک بھارت کشیدگی: سندھ میں کنٹرول روم قائم، پنجاب کے سپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

کراچی + لاہور (ویب ڈیسک) نوٹیفکیشن میں تمام اداروں کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ اپنے پاس مکمل افرادی قوت اور تمام ضروری مشینری اور ساز و سامان تیار رکھیں گے۔

وزارت داخلہ سندھ نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی کنٹرول روم قائم کردیا۔

محکمہ داخلہ سندھ میں قائم کیے جانے والے صوبائی کنٹرول روم کا انچارج ایڈیشنل سیکریٹری برائے داخلی سلامتی سیف اللہ ابڑو کو مقرر کیا گیا ہے۔ کنٹرول روم کو صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی نمائندگی اور معاونت حاصل ہوگی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی کنٹرول روم تمام متعقلہ وفاقی و صوبائی کنٹرول رومز، دفاتر، محکموں، خودمختار اداروں، کارپوریشنز، ایجنسیز وغیرہ سے مکمل رابطے میں رہے گا۔

حکومت سندھ کے ماتحت تمام محکمے، اتھارٹیز، خودمختار ادارے، کارپوریشنز، ایجنسیز اور لوکل کونسلز کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم کو دیں گے جبکہ روزانہ کی رپورٹ شام 4 بجے تک ارسال کریں گے۔ اس کے علاوہ کنٹرول روم سے جاری کی جانے والی ہدایات پر فوری عمل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ مفاد عامہ کے تمام اہم اداروں بشمول ریوینیو، پولیس، ہیلتھ، فوڈ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اریگیشن، سول ڈیفنس، محکمہ توانائی وغیرہ کے ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، یہ ادارے اپنے کنٹرول رومز قائم کرینگے اور صوبائی کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژنز اور ڈسٹرکٹس میں کنٹرول روم قائم کریں گے اور صوبائی کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے جبکہ تمام محکمے فوکل پرسن نامزد کریں گے اور اس کی مکمل تفصیل صوبائی کنٹرول روم کو فراہم کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں تمام اداروں کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ اپنے پاس مکمل افرادی قوت اور تمام ضروری مشینری اور ساز و سامان تیار رکھیں گے۔

محکمہ بلدیات سندھ نے بھی پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تمام ذیلی اداروں کو ہائی الرٹ جاری کردیا۔ تمام اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے احکامات جاری کردیئے گئے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ تمام بلدیاتی ادارے اور ملازمین کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پانی کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

محکمہ بلدیات سندھ کے مطابق ایمرجنسی کی صورت میں استعمال ہونے والا سازو سامان فائر ٹینڈرز، باؤزر، ڈمپرز، لوڈرز اور دیگر کو ہمہ وقت تیار رکھے جائیں۔

خط میں تمام بلدیاتی اداروں کو ایمرجنسی سائرن بھی کارآمد رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔ مراسلے میں تمام بلدیاتی اداروں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

ملکی حالات کے پیش نظرپنجاب بھرکے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام اسپتالوں میں اسپیشلسٹس، ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس و دیگر اسٹاف کی چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ کردی گئیں ہیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے موجودہ ملکی صورتحال میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے صوبہ بھرکے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

تمام اسپتالوں کی ایمرجنسیز میں ٹراما اور برننگ ادویات وافر مقدارمیں دستیاب ہونی چاہئیں۔ جان بچانے والی ادویات میں کسی قسم کی کمی واقع نہ ہو۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے احکامات کے مطابق پنجاب بھر کے تمام اسپتالوں میں اسپیشلسٹس، ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس ودیگر اسٹاف کی چھٹیاں تا حکم ثانی بند رہیں گی۔ تمام اسپیشلسٹس اور ڈاکٹرز تاحکم ثانی 24 گھنٹے آن کال رہیں گے۔

تمام آپریشن تھیٹرز، لیبز فعال جبکہ دیگر طبی آلات 24 گھنٹے دستیاب رہیں گے

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں