پشاور میں فائرنگ سے انسداد پولیو مہم پر مامور پولیس اہلکار ہلاک

پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سےانسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ واقعے کے بعد ملزمان سرکاری رائفل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیو ڈیوٹی کے بعد گھر جانیوالے ایف آر پی کانسٹیبل کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پشاور کے نواحی علاقہ داؤدزئی جوگنی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ملزمان مقتول اہلکار سے سرکاری رائفل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی سی سی پی او پشاور، ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور دیگر حکام پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرتے ہوئے رات گئے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔

ترجمان پشاور پولیس کے مطابق ایف آر پی کانسٹیبل آصف جو تھانہ خزانہ کے علاقے میں پولیو ڈیوٹی پر مامور تھا اتوار کے روز ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر گاؤں جارہا تھا کہ اس دوران داؤد زئی کے علاقے جوگنی میں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزموں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ملزمان سرکاری رائفل چھین کر فرار ہوگئے۔

ادھر پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر اہم شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔

سی سی پی او کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ٹارگٹ کلنگ سمیت تمام ممکنہ وجوہات کو زیر غور لایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے دو روز قبل صوبے کے 18 اضلاع میں پولیو ویکسینیشن مہم شروع کی گئی تھی تاکہ سال کے اختتام تک اس بیماری کا خاتمہ کیا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں