اقوام متحدہ: بھارت افغانستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے، پاکستانی مندوب منیر اکرم

نیویارک (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے، وہ افغان فورسز کو اسلحہ بھیج رہا ہے تاکہ افغان قیادت اور طالبان کے درمیان مذاکرات نہ ہوں اور افغان امن عمل پایہ تکمیل تک نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ، روس اور چین کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا، بھارت کا سلامتی کونسل میں چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، بھارت ایک شیطان ملک ہے جو دہشتگردی میں ملوث ہے، اس کے پاس سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی اہلیت نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پاکستان کو سلامتی کونسل اجلاس میں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع نہ دینے میں بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت پاکستان کی آواز کو ایک طرف کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جب تک سلامتی کونسل کی صدارت بھارت کے پاس سے اس سے کسی بھی بہتری کی امید نہیں ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے لیکن اس کا دل چھوٹا اور دماغ انتہا پسند ہے، ہمیں پہلے سے اندازہ تھا کہ بھارت پاکستان کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل اجلاس میں پاکستان کو اپنا موقف پیش کرنے سے روکے گا اور وہی ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سلامتی کونسل اجلاس میں تو بولنے نہیں دیا گیا لیکن ہم نے اپنے موقف سے تمام ممبران سیکورٹی کونسل کو آگاہ کر دیا ہے اور بھارت کے چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا سلامتی کونسل میں چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، بھارت خطے میں جو کچھ کر رہا ہے اور اس کے عزائم سے متعلق پوری دنیا بخوبی آگاہ ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں