کابل (ڈیلی اردو) طالبان کی افغانستان کے مختلف صوبوں اور شہروں میں پیش قدمی جاری ہے جنہوں نے اب تک 12 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے اور امریکہ نے اس صورتحال کے پیش نظر افغانستان سے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو نکالنے کیلئے کابل ایئرپورٹ پر فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 ہزار امریکی فوجی کابل ائیرپورٹ پر تعینات کئے جائیں گے جو 24 سے 48 گھنٹے میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ رپورٹس کے مطابق برطانیہ بھی اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے 600 فوجی افغانستان میں تعینات کرے گا۔
دوسری جانب طالبان کی افغانستان کے مختلف صوبوں اور شہروں میں پیش قدمی جاری ہے جنہوں نے اب افغانستان کے دوسرے اہم ترین شہر قندھار پر بھی قبضہ کرلیا ہے اور یوں ان کے زیر قبضہ صوبوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے جبکہ وہ افغان دارالحکومت کابل سے محض 130 کلومیٹر دور رہ گئے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق طالبان کے حملے اور پیش قدمی روکنے کیلئے افغان حکومت نے طالبان کو اقتدار میں شراکت کی پیشکش کردی ہے۔ یہ پیشکش افغانستان کی حکومت کی جانب سے قطر کے ذریعے طالبان کو دی گئی ہے۔
اس سے قبل طالبان نے افغانستان کے مغربی صوبے ہرات کے صدر مقام پر بھی قبضہ کیا اور یوں سات روز کے دوران طالبان کے قبضے میں آنے والا ہی 11 واں صوبائی دارالحکومت بن گیا۔
ہرات میں کئی دن سے افغان فوج اور ان کی حمایتی مقامی ملیشیا کی طالبان کے خلاف جھڑپیں جاری تھیں اور گزشتہ روز مقامی کونسل کے ایک رکن نے تصدیق کی کہ ہرات شہر طالبان کے قبضے میں چلا گیا ہے۔