کابل (ڈیلی اردو) طالبان کی جانب سے افغانستان کے علاقے وادی پنج شیر پر قبضے کے اعلان کے بعد علاقے میں سرگرم طالبان مخالف مزاحمتی اتحاد کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ لڑنے سے کبھی کنارہ کشی اختیار نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی مزاحمتی فرنٹ کے ترجمان اور خارجہ امور کے نگران علی نظاری نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں احمد مسعود کا تازہ ترین پیغام نشر کیا جس میں انھوں نے آزادی اور انصاف کے لیے شروع کی گئی جنگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی تردید کی۔
ترجمان علی نظاری نے افغانستان کے شمال مشرقی علاقے وادی پنج شیر پر طالبان کے کنڑول کی بھی سختی سے تردید کی ہے۔
پنجشیر افغانستان کا آخری صوبہ ہے جو طالبان کے کنٹرول سے باہر ہے اور حالیہ دنوں میں وہاں محاذ مزاحمت اور طالبان کے درمیان خونریز جھڑپیں ہوئی ہیں۔