18

آزاد کشمیر: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 شہری شہید

راولپنڈی (ڈیلی اردو) بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام اور بھارتی پائلٹ کی واپسی کے اقدام پر بھی جارحیت پسند بھارت کی امن دشمن کارروائیاں جاری ہیں جس نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں فائرنگ سے 2 شہری شہید اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کوٹلی کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کی اور اس دوران دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جن میں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے دونوں جوان شہری آبادی پر فائرنگ کے جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے جس سے بھارتی چوکیوں اور فوجی دستوں کونقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی الرٹ ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں