ادیس ابابا (ڈیلی اردو) مشرقی افریقی ملک ایتھوپیا کے حکام تیگرائی کے باغی فوجیوں کی جانب سے مبینہ قتل عام کی اطلاعات دے رہے ہیں۔
ایتھوپیا کے شمالی علاقے امہارا کے ڈاکٹروں کے مطابق چینا نامی ایک گاؤں سے کم از کم ایک سو پچیس لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں کسانوں کے خاندان کے افراد، جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ افراد رواں ماہ کے آغاز میں اُس وقت باغی فوجیوں کے ہاتھوں مارے گئے، جب وہ اس علاقے میں مختصر وقت کے لیے موجود تھے۔ اب یہ علاقہ ایک بار پھر ملکی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ تاہم تیگرائی باغیوں کی جانب سے ان الزامات کو مسترد کیا گیا ہے۔