لاہور (ڈیلی اردو) پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے تمام میچز منتقل کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن فور کے لاہور میں ہونے والے تمام میچ اب کراچی منتقل کردیئے گئے ہیں۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس بارے باقاعدہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلان کے مطابق سکیورٹی حالات کے پیشِ نظر اور ائیرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پروڈکشن سامان لاہور نہ پہنچ سکا، جس کی وجہ سے اب لاہور میں ہونے والے تمام پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تین میچ لاہور میں جبکہ فائنل سمیت 4 میچ کراچی میں ہونے تھے، لیکن اب لاہور کے میچ بھی کراچی میں ہی ہونگے۔
کراچی اور کوئٹہ کا 10 مارچ کو ہونے والا میچ اب 11 مارچ کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
لاہور میں پہلا میچ لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان 9 مارچ کو کھیلا جانا تھا، دوسرا میچ 10 مارچ کو ملتان سلطان اور لاہور قلندر کے درمیان کھیلا جانا تھا، جبکہ 12 مارچ کو ایلیمنیٹر 1 کیلئے مقابلہ لاہور میں شیڈول تھا۔