اسرائیلی ریاستی دہشتگردی جاری: دو ہفتوں میں 3 فلسطینی ہلاک، 135 زخمی

رام اللہ (ڈیلی اردو) فلسطین میں اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید جب کہ 49 مکانات کو مسمار کیا گیا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں 2 سے 15 نومبر کے درمیان عرصے میں اسرائیلی کارروائیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے فلسطین میں دفتر برائے انسانی اموراوچا کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائیوں کے نتیجے میں 190 فلسطینی بے گھر ہوئے۔ جب کہ غرب اردن اور القدس میں تین فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔ اس دوران اسرائیلی فوج کے تشدد سے 135 فلسطینی زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائیوں میں 49 مکانات مسمار کیے گئے۔ ان میں مشرقی بیت المقدس میں موجود مکانات بھی شامل ہیں۔

اوچا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مکانات کی مسماری سے 38 خواتین اور بچوں سمیت 200 کے قریب فلسطینی براہ راست اور 400 فلسطینی بالواسطہ طورپر متاثر ہوئے ہیں۔

مسمار کی جانے والی فلسطینی عمارتوں میں مکانات، دکانیں، سیکٹر سی میں موجود ایک مسجد اور دیگر املاک شامل ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں