صنعا (ڈیلی اردو/روئٹرز) یمن کے دارالحکومت صنعا میں سعودی عسکری اتحاد کے حملوں میں 20 سے زائد عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ہلاکتوں کے فوراً بعد سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد، جس کا متحدہ عرب امارات حصہ ہے، کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے کیے گیے جہاں حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔ صنعا سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق عسکری اتحاد کی جانب سے کیے گئے حملوں میں عام شہری ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
صنعا میں رہنے والے رہائشیوں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ فضائی حملوں میں اب تک 14 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ حوثی باغیوں کا دعویٰ ہے کہ تازہ بمباری میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔
عسکری اتحاد نے منگل کو حوثی باغیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سعودی عرب اتحاد کے مطابق سعودی عرب کی طرف روانہ کیے گئے آٹھ ڈرونز کو بھی راستے میں تباہ کیا گیا ہے۔ حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا گیا ہے، جب گزشتہ روز ہی ایرانی حمایت یافتہ ان باغیوں نے ابوظہبی میں ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ کیا تھا۔