راجا راجیندر: پاکستان پولیس کا پہلا ہندو افسر

بدین (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع بدین کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والا ہندو کمیونٹی کا 22 سالہ نوجوان سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے پاکستان کا پہلا ہندو پولیس افسر بن گیا، راجا راجیندر کا گھر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدین کے ٹیل کا شہر ملکانی جو ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جہاں ہر روز سہولیات کے فقدان پر احتجاجی مظاہرے کئے جاتے ہیں اس کے باوجود اسی شہر کے گورنمنٹ کے سکول میں تعلیم حاصل کرکے ہندو کمیونٹی کی میگھواڑ برادری کا 22 سالا نوجوان راجا راجیندر سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے پاکستان کا پہلا اسسٹنٹ سپرینٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) افسر بنا ہے۔

اس موقع پر راجا راجیندر کا کہنا ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں جہاں سب ہی قوموں کو ایک ہی نظر سے دیکھا جاتا ہے اور میرا میرٹ پر امتحان پاس کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین کی دعائیں رنگ لے آئیں اور محنت کرکے لاہور میں ایک سال تک سی ایس ایس کا امتحان دینے کے لیئے تیاری کی اور 2021 میں امتحان دیا جس کا نتجہ آپ کے سامنے ہے جبکہ والد لال جی میگھواڑ اور علاقہ مکین ایڈوکیٹ رام کولہی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میرٹ ہے اور اگر کوئی دل سے محنت کرتا ہے تو میرٹ پر آگے بڑھتا ہے۔

امتحان پاس کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر جب پھیلی تو علاقہ مکین نوجوان راجا راجیندر سے ملنے کے لیئے بیتاب ہوگئے جبکہ ملکانی شہر پہنچنے پر شہریوں کی جانب سے راجا راجیندر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور علاقہ مکینوں کی جانب سے پھولوں کے ہار اور اجرک کے تحائف پیش کرکے مبارک باد بھی دی گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نوجوان راجا راجیندر پر نا صرف بدین کی عوام بلکہ پاکستان بھر کی ہندوبرادری کمیونٹی کو فخر ہے اور دنیا کے لیئے ایک پیغام بھی ہے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق دیئے جاتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں