یوکرین پر حملہ: بیلا روس کی میزبانی میں ماسکو اور کیف کے درمیان ‘امن مذاکرات’

کیف (ڈیلی اردو/وی او اے) یوکرین کے صدارتی دفتر نے تصدیق کی ہے کہ کیف کا ایک وفد پڑوسی ملک بیلاروس کی سرحد پہنچ گیا ہے جہاں روس سے ‘امن مذاکرات’ پر بات چیت ہوگی۔ یوکرین تنازع پر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بھی پیر کو شیڈول ہے۔

یوکرین کا وفد روس سے مذاکرات کے لیے بیلاروس پہنچ گیا

یوکرین کے صدارتی دفتر نے تصدیق کی ہے کہ کیف کا ایک وفد پڑوسی ملک بیلاروس کی سرحد پر پہنچ گیا ہے جہاں وہ روسی ہم منصب کے ساتھ امن مذاکرات پر بات چیت کرے گا۔

بیلا روس، روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار

بیلاروس کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

بیلاروس کی وزارتِ خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں مذاکرات کے لیے میز سجائی گئی ہے جس کے عقب میں فریقین کے پرچم دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کے مقام سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

امریکی شہریوں کو فوراً روس چھوڑنے کا مشورہ

امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے روس میں مقیم اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ فوری طور پر روس سے انخلا کر لیں۔

محکمۂ خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے انتباہ ایسے موقع پر جاری کیا ہے جب کئی فضائی کمپنیاں روس کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر رہی ہیں اور بہت سے ملک روس کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کر رہے ہیں۔

روس میں امریکی سفارتِ خانے نے اپنی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وزارتِ خارجہ نے روس کے لیے چوتھے درجے کی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے یعنی روس کے سفر سے گریز کیا جائے۔

امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمرشل پروازوں کے ذریعے روس سے انخلا کریں۔

روس میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنے کے لیے مقامی اور عالمی میڈیا دیکھتے رہیں اور اپنی حفاظت سے متعلق اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو آگاہ رکھتے رہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں