پشاور (ڈیلی اردو/وی او اے) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی حکومت پشاور میں نامعلوم مسلح نقاب پوش افراد نے ایک احمدی ڈاکٹر منصور احمد کے کلینک میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ احمدی ڈاکٹر حملے میں محفوظ رہے۔
پولیس حکام نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ اسکیم چوک بڈھ بیر میں تھانہ انقلاب کے حدود میں ہفتے کی شام دو مسلح نقاب پوش احمدی ڈاکٹر منصوراحمد کے کلینک میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی جسس سے کلینک میں موجود نرس شاہد جان ہلاک ہوگئے اور ایک اور ملازم عبدالقیوم زخمی ہوا۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ہونے والے شاہد جان کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور زخمی کو علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا۔
مسلح نقاب پوش فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس افسر عرفان خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں میں ایک برقع پوش تھا۔ دو افراد پر فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔
عرفان خان نے کہا کہ حملے کے وقت ڈاکٹر منصور احمد بیٹے ڈاکٹر رفیع کے ہمراہ چائے کے وقفے کے دوران گھر گئے ہوئے تھے۔
ڈاکٹر منصور کا گھر بھی کلینک سے ملحق ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ مقتول شاہد جان اور زخمی ملازم کا تعلق سنی مکتبہ فکر سے ہے جب کہ شاہد جان پنجاب کے ضلع جھنگ کے مکین تھے۔
پولیس نے واقعے کے بعد فوری طور پر کسی کو حراست میں نہیں لیا۔ پولیس افسر عرفان خان کے بقول تفتیشی ٹیم نے موقع سے خالی خول اور دیگر اہم شواہد جمع کر لیے ہیں جب کہ اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو چیک کیا جا رہا ہے۔
انجمن احمدیہ کے پنجاب میں مرکزی دفتر ربوہ سے جاری بیان میں اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے جب کہ ماضی میں اسی علاقے میں قتل کیے گئے ایک اور ڈاکٹر کے قاتلوں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔
Yesterday Dr. Muhammad Shahid Ahmad, age 35 died because of a deadly attack at an Ahmadi owned clinic in Bazid Khel, Peshawar. He has left behind a widow and 3 children. An unknown assailant disguised as a woman cladding burqa entered the clinic with an accomplice & opened fire. pic.twitter.com/DJQ2sGSjni
— PressSectionSAA (@PressSectionSAA) March 6, 2022
انجمنِ احمدیہ ماضی میں بھی اس قسم کے واقعات کی وجہ حکومت کے ناقص حفاظتی اقدامات کو قرار دیتی ہے۔
گذشتہ روز پشاور میں ایک احمدی کے کلینک پر حملہ ہوا جس میں ڈاکٹر محمد احمد شاہد جاں بحق ہوئے
اس حوالے سے جاری کردہ پریس ریلیز pic.twitter.com/88j22TGWti— PressSectionSAA (@PressSectionSAA) March 6, 2022
انسانی حقوق کے تحفظ کےلیے سرگرم بین الاقوامی تنظیمیں بھی حکومتی اداروں کی اقلیتوں کے جان ومال کی تحفظ میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔
انجمنِ احمدیہ کے مطابق گزشتہ دو برس میں پشاور میں احمدی برادری سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ پانچ افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ ہلاک ہونے والوں میں شامل امریکی شہری ظاہر نسیم کو جولائی 2020 میں پشاور کی ایک عدالت میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے میں مبینہ قاتل اور ایک وکیل سمیت تین افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔