پشاور (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ میں دہشت گردی کے 72 واقعات رپورٹ ہوئے اور مختلف آپریشنز میں 19 دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹرٹیرازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے سہ ماہی رپورٹ مرتب کرلی۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ میں دہشت گردی کے 72 واقعات رپورٹ ہوئے اور صوبے بھرمیں 644 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اہم آپریشنز میں آپریشن سائلنس خیبر باڈر ایریا میں کیا گیا، پشاور میں کوچہ رسالدار کی شیعہ جامع مسجد واقعہ میں ملوث داعش کے تین سہولت کاروں کو ہلاک کیا گیا اور صوبے میں مختلف آپریشنز میں 19 دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے 15 بھتہ خوری کے 10 واقعات رپورٹ ہوئے اور آپریشن کے دوران 59 مطلوب اشتہاریوں اور 9 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
آپریشنز میں 65 کلوگرام بارودی مواد، 76 گرنیڈ، ایک خودکش جیکٹ، 10 ایس ایم جی گن اور 36 آر پی جے شل برآمد ہوئے۔