پاکستان تحریک انصاف نے سیاست کیلئے مذہب کا استعمال کیا، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والوں نےسیاست چمکانے کیلئے مذہب کا استعمال کیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے بیان سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہاکہ اپنی سیاست کو چمکانے کے لئے مذہب کو استعمال کرنا بند کریں۔

مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے کہا تھا عمران خان خود کی معروف سے مناسبت اور مخالفین کیلئے منکر کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی ٹرول آرمی نے میرے اوپر حملے شروع کردیئے، سفید جھوٹ بولا گیا، خدانخواستہ میں نے قرآن کی آیت پر کوئی بات کی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خان صاحب کا سیاست کے لئے مذہب کو استعمال کرنا قابل مذمت ہے، قرآن ہم سب کا ہے اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل کے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے بیان کے جواب میں شیریں مزاری نے کہا تھا کہ مفتاح اسماعیل امریکا کی خوشامد کرتے ہوئے امر بالمعروف جیسے بنیادی اسلامی تصورِ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں