میری جان کو خطرہ ہے، 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، شیخ رشید

راولپنڈی (ڈیلی اردو) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ جو کچھ روضہ رسول ﷺ کے باہر ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں، حکومت مجھے اور عمران خان کو تحریک سے پہلے گرفتارکرنا چاہتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے قتل کی سازش میں 7 افراد کے خلاف تھانہ کوہسار میں درخواست جمع کروا دی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے بتایا کہ انہوں نے 7 لوگوں کے خلاف درخواست دی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، حسین نواز، معین نواز، سلمان شہباز کو شامل تفتیش کیا جائے۔

شیخ رشید نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ رانا ثناء اللہ بدنام زمانہ قاتل، منشیات کیس اور ماڈل ٹاؤن کیس کا مرتکب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو پٹہ ڈالا جائے یہ ملک میں خانہ جنگی چاہتا ہے، اگر عمران خان اور مجھے گرفتار کیا گیا تو لوگ خود اسلام آباد آجائیں گے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، میں نے پانچوں ایجنسیز کے سربراہوں کو خط لکھ دیا ہے۔

اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت مجھے لانگ مارچ سے قبل گرفتار کرنا چاہتی ہے، انہیں کہتا ہوں کہ مجھے گرفتار کرنے کا شوق پورا کرلیں، جیل تو میرے سسرال ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں