اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دو ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا ہے پیکچ کے تحت انیس اشیاءضروریہ پر چار سے پچاس روپے تک فی کلو سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔
رمضان پیکچ کی سمری منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کی جائے گی ۔ دستیاب دستاویز کے مطابق رمضان پیکچ کے تحت آٹے پر چارروپے،چینی پانچ روپے ،گھی پندہ روپے ،آئل دس روپے ،دال چنا بیس روپے ،دال مونگ پندرہ روپے ،دال مسور دس روپے اور سفیدچنے پر پچیس روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔
اسی طرح چائے پر پچاس روپے ،دودھ پندرہ روپے ،بیسن بیس روپے ،کھجور تیس روپے ،باستمی ،سیلا اور ٹوٹا چاول پر پندرہ ،پندرہ روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔دستاویز کے مطابق مشروبات کے پندرہ سو ملی لیٹر بوتل پر پندرہ روپے، آٹھ سو ملی لیٹر کی بوتل پر دس روپے اور مصالہ جات پر دس فیصد سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکچ کے تحت گھی پر سب سے زیادہ باون کروڑ پچاس لاکھ روپے ،آٹے پر اٹھائیس کروڑروپے،چینی پچیس کروڑ روپے ،آئل پر چوبیس کروڑ پچاس لاکھ روپے اور چائے پر پندرہ کروڑروپے کی سبسڈی دینے کی تجویزہے۔
دستاویز کے مطابق مشروبات پر پانچ کروڑ پچاس لاکھ روپے، دال چنا پانچ کروڑ روپے،کھجور دو کروڑ پچیس لاکھ روپے اورباستمی چاول پرتین کروڑ پچیتر لاکھ روپے کی سبسڈی تجویز کردی گئی۔
جبکہ میڈیا پر تشہیری مہم کیلئے دس کروڑ روپے رکھنے کی تجویزہے۔رمضان ریلیف پیکج دو ہزار انیس کی سمری منظوری کیلئے ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک ارب تہتر کروڑ تیس لاکھ روپے کا رمضان ریلیف پیکچ دیا تھا.