مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی خاتون ہلاک

رم اللہ (ڈیلی اردو/شِنہوا) مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں العروب پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کی ایک چوکی پراسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی خاتون کو قتل کر دیا ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے بدھ کے روزبتایا کہ مہاجر کیمپ سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ خاتون غفران وارسنہ کو چوکی پر تعینات اسرائیلی فوجیوں نے سینے میں گولی ماری جس سے وہ جان کی بازی ہار گئی۔

اسرائیلی میڈیا نے اپنی خبر میں کہا ہے کہ چوکی پر تعینات اسرائیلی فوجیوں نے غفران وارسنہ پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ ان فوجیوں میں سے ایک پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

جنوری میں اسرائیلی فوج نے غفران وارسنہ کو اس کے گھر سے گرفتار کر لیا تھا۔ اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے اسے اسرائیل کیخلاف اکسانے اور سرگرمیاں انجام دینے کے الزام میں 3 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ غفران وارسنہ نے صحافت کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی اور وہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے کے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کیلئے نیوز رپورٹر کے طور پر کام کرتی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں