بغداد (ڈیلی اردو) عراق کےدارالحکومت بغداد کے قریب واقع دیہی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران شدت پسند گروہ داعش کے 5 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
عراق کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے منگل کے روز بتایا کہ بغداد سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال میں واقع ترمیہ میں داعشی عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد نیم فوجی دستے حشدالشبعی کی ان سے جھڑپ ہوئی، مزید بتایا کہ پانچوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
شدت پسند جنگجوؤں کی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث گزشتہ چند ماہ سے عراقی سیکورٹی فورسز ان کیخلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔
عراق میں 2017ء کے بعد سے سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ تاہم شہری مراکز، صحراؤں اور ناہموار علاقوں میں پھیلی داعش کی باقیات کی جانب سے سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کیخلاف متواتر گوریلا حملے کیے جا رہے ہیں۔