دمشق (ڈیلی اردو) شام میں ایک ٹرک کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے۔
https://twitter.com/FARED_ALHOR/status/1535810564609515520?t=BpNDR_Tv5ne-zQd_QNKJnw&s=19
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے والی نگراں تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ شام کے جنوبی شہر دارا میں پیش آیا جب ایک پِک اَپ ٹرک زمین میں چھپائی گئی بارودی سرنگ کے اوپر سے گزرتے ہوئے دھماکے سے تباہ ہو گیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں مرنے اور زخمی ہونے والے افراد میں زیادہ تر مزدور ہیں جو گندم کی فصل کاٹ کر واپس جا رہے تھے۔ بارودی سرنگ کے اس دھماکے سے مرنے والوں میں پانچ بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ 34 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس تنظیم کے مطابق رواں برس شام میں دھماکا خیز مواد پھٹنے کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 124 ہو چکی ہے۔
#Syria| 11 killed by landmine explosion should draw attention to combating mines urgencyhttps://t.co/J4NY5JSoU8
— Euro-Med Monitor in Syria (@EuroMedSyria) June 12, 2022
واضح رہے کہ شام میں ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی کے دوران شرپسندوں نے سڑکوں کے کنارے اور عمارتوں میں دھماکا خیز مواد نصب کیا ہے جس کے پھٹنے کے واقعات تواتر سے پیش آ رہے ہیں۔ ان دھماکوں میں سینکڑوں شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔