اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے منگل قبیلے کے اہم رہنما سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بدھ کی شب نامعلوم مسلح افراد نے منگل قبیلے کے ایک قبائلی رہنما مومن خان کو وسطی کرم کے علاقے ٹوپکی میں دیگر ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا گیا ہے۔ مومن خان شیعہ اور سنی قبائل کے درمیان امن و امان برقرار رکھنے والی امن کمیٹی کے اہم رکن بھی تھے۔ لاشوں کو صدہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں یونس اور لیاقت بنگش شامل ہیں۔ ملک مومن خان کا تعلق تری منگل، لیاقت بنگش کا تعلق اپر کرم اور یونس کا تعلق گندوا چمکنی سے بتایا جارہا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پارا چنار کے مرکزی سڑک پر تمام نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔