پاراچنار (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاراچنار کے رہائشی ایک نوجوان ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کرم کی تحصیل صدہ بائی پاس پر ایک کار پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میڈیکل کے طالب علم ذیشان حیدر موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیعہ نوجوان ذیشان حیدر ایم بی بی ایس کا سٹوڈنٹ تھا۔ گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پاراچنار سے پشاور کی جانب جارہے تھے۔
ذرائع کے مطابق ذیشان حیدر علاج کی غرض سے پشاور جارہا تھا کیوں کے پاراچنار میں قائم واحد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سہولیات ہی موجود نہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی جب صدہ بائی پاس پر ستین ایف سی چیک پوسٹ کے قریب کالج کے نزدیک پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، پہلا فائر ذیشان حیدر کو سیدھا سر پر مارا گیا اور باقی فائر گاڑی کے ٹائروں پر مارے گئے لیکن ڈرائیور گاڑی کو چیک پوسٹ کے قریب لیکر پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں اہل تشیع کے 2 افراد اور اہلسنت کے 3 افراد نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے ہیں۔