انقرہ (ڈیلی اردو) ترکی میں اسرائیلی سیاحوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والا مبینہ ایرانی نیٹ ورک پکڑا گیا۔
مقامی اخبار صباح کے مطابق ترکی نے مبینہ طور پرایرانی انٹیلی جنس سے تعلق رکھنے والے آٹھ ملزمان کو حراست میں لیا ہے جو استنبول میں اسرائیلی سیاحوں کے قتل کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
8 suspects working for Iran and plotting attacks against Israelis nabbed in joint operation by Turkish police and intelligence in Istanbulhttps://t.co/2NwMvXYZHo
— Daily Sabah (@DailySabah) June 23, 2022
رپورٹ کے مطابق ملزمان کو گزشتہ ہفتے استنبول میں چھاپوں کے دوران حراست میں لیا گیا، ایران نے اپنے سائنسدانوں کے قتل کے بدلے میں اسرائیلیوں کو قتل کرنے کیلئے مبینہ طور پر اپنے ایجنٹس کو تاجروں، سیاحوں اور طلباء کے بھیس میں استنبول بھیجا تھا۔
اسرائیل نے گزشتہ ہفتے اپنے شہریوں کو استنبول کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی اور وہاں موجود شہریوں کو خطرات کے پیش نظر فوری طور پر ترکی سے نکلنے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل میں برسوں سے کشیدگی جاری ہے تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران ایران میں سائنسدانوں کی پر اسرار اموات کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس میں کئی سائنسدان اور پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہوگئے تھے، ایران نے ان ہلاکتوں میں اسرائیلی انٹیلی جنس کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
ترکی اور اسرائیل کے تعلقات برسوں کی کشیدگی کے بعد بہتر ہورہے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سیاحت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔