راولپنڈی (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے چکوٹھی سیکٹر پر فائرنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، آج چکوٹھی سیکٹر پر بھارتی فوج نے فائر کھول دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہری شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں چکوٹھی سیکٹر پر 4 پاکستانی شہری بھی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں غلام حسین اور نوشاد بی بی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں راجا محمود، غلام محمد، زاہدہ بی بی اور محمد ذاکر شامل ہیں۔
بھارتی فوج کی جانب سے نیزہ پیر، پانڈو، خنجر منور، پٹل اور باغسر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھی کارروائی کی گئی اور دشمن کی گنوں کو خاموش کر دیا گیا۔