شام میں گرجا گھر پر راکٹ حملہ، 2 افراد ہلاک، 12 زخمی

دمشق (ڈیلی اردو) شام میں ایک گرجا گھر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر نامعلوم جانب سے کئے گئے راکٹ حملے میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے صوبے حماہ کے گرجا گھر پر اُس وقت راکٹ حملہ کیا گیا جب وہاں افتتاحی تقریب جاری تھی۔

حملے کے وقت گرجا گھر کی افتتاحی تقریب میں شام کے اعلیٰ سرکاری حکام اور روسی فوج کے عہدیدار شریک تھے۔

راکٹ گرنے سے بھگدڑ مچ گئی اور اسٹیج مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی بھی ہوگئے۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ جنگ زدہ ملک میں کئی مسلح گروپ متحرک ہیں جب کہ عالمی افواج بھی امن کے نام پر جنگ کا عملی حصہ ہیں۔

دو سال قبل شام نے دعویٰ کیا تھا کہ داعش کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا گیا ہے اور عسکریت پسند حلب کے دور دراز علاقے میں انتہائی محدود تعداد میں سمٹ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 سے جاری اس جنگ میں 2 لاکھ کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں