دمشق + انقرہ (ڈیلی اردو) شام کے شمال سرحدی شہر کوبانی میں ترک افواج اور امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں کے درمیان تصادم کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا گیا۔
شام کے شمالی سرحد پر کرد جنگجوؤں اور ترک افواج کے بیچ تصادم کے دوران دونوں جانب سے بھاری تعداد میں مارٹر گولے فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک ہو گیا ہے۔
ترک وزارت دفاع کے مطابق شمالی شام سے متصل ترکیہ کے بارڈر پر ایک فوجی چوکی پر مارٹر گولے سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔
ترک وزارت دفاع کے مطابق ترک افواج کی جانب سے حملے کے فوری بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے گولے فائر کیے جس کے نتیجے میں 13 دہشتگرد ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی شہری انتظامیہ کے مطابق کوبانی میں ترک افواج کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولوں کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ انقرہ کی جانب سے شمالی شام کے نیم خودمختار کرد علاقوں کو اپنی قومی سرحدوں کیلئے خطرہ اور کرد جنگجوؤں کو دہشتگرد تصور کیا جاتا ہے جبکہ کرد جنگجو تنظیم وائے پی جی کی جانب سے ترکیہ پر گذشتہ ایک ماہ کے دوران ڈرون حملوں اور سرحدی علاقوں سے مارٹر فائر کرکے 3 کرد کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔