اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع دیر لوئر اور باجوڑ کے سرحدی علاقے میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔
https://twitter.com/Natsecjeff/status/1561746548614103040?t=szeJmxzmxJhSIqpzocf_eg&s=19
ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پختونخوا کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب دہشت گرد ضلع دیر لوئر اور باجوڑ کے سرحدی علاقے انذروں تنگے لنڈے شاہ میں موجود ہیں جس پر انہوں نے فوری سی ٹی ڈی کے ہمراہ آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم تنظیم کا مطلوب کمانڈر ہلاک ہوگیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت حیات محمد عرف سلمان کے نام سے ہوئی ہے جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا اور اس کا نام انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق داعش خراسان سے تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے کارروائی میں ہلاک دہشت گرد کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد جمیعت علمائے اسلام (ف) جے یو آئی کے رہنما سید باچا پر آئی ای ڈی حملے اور ضلع باجوڑ میں جے یو آئی کے مفتی بشیر کے قتل سمیت دیگر حملوں میں بھی ملوث تھا۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔