یوکرین کے ریلوے اسٹیشن پر میزائل حملے میں 25 شہری ہلاک، درجنوں زخمی

کیف (ڈیلی اردو) یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر میزائل حملے میں 25 شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوکرین کے یوم آزادی کے موقع پر مشرقی یوکرین میں روسی میزائل حملے میں 25 شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ ایک مسافر ٹرین کو آگ لگ گئی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روسی راکٹ مشرقی یوکرین میں ٹرین سے ٹکرائے، مرنے والوں میں دو بچے شامل ہیں جن کی عمریں 6 اور 11 برس ہیں، بدقسمتی سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

دوسری طرف یوکرین کے یومِ آزادی پر دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں کرفیو نافذ رہا اور ہر قسم کے عوامی اجتماع پر پابندی عائد رہی۔

امریکا، یونان، برطانیہ، جرمنی، بیلجیم اور کینیڈا میں یوکرین کے یومِ آزدی پر شہریوں نے ریلیاں نکالیں اور روس کی یوکرین میں کارروائی کی شدید مخالفت کی۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کیلئے 3 ارب ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے، صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکا کیف کو ہتھیاروں اور دیگر ساز و سامان کیلئے تقریباً 3 ارب ڈالر فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس امداد کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یوکرین طویل مدت تک اپنا دفاع جاری رکھ سکے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں