لندن (ڈیلی اردو/وی او اے) برطانیہ کے شہر لیسٹر میں ہفتے اور اتوار کی شب ہندو اور مسلمانوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
لیسٹر میں ان جھڑپوں کی وجہ ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ کے نتیجے کو قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ کے بعد سے ہی لیسٹر میں شدید کشیدگی پائی جاتی تھی اور بدامنی کے متعدد واقعات رپورٹ ہونے کے بعد سے پولیس نے علاقے میں اضافی اہل کار تعینات کیے تھے۔ لیکن ہفتے اور اتوار کو پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود شدید جھڑپیں ہوئی اور جگہ جگہ جھتوں کو آپس میں الجھتے ہوئے دیکھا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی’ اور برطانوی اخبار ‘دی گارڈین’ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شب اور اتوار کی صبح لیسٹر شہر کے مشرقی حصے میں کسی منصوبہ بندی کے بغیر احتجاج کے نتیجے میں افراتفری اور بے چینی پھیل گئی جس پر قابو پانے کے لیے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ نوجوانوں کے گروہ اتوار کی سہ پہر ایونگٹن کے شمالی حصے میں اکھٹے ہو رہے ہیں۔ جس کے پیشِ نظر پولیس نے کمیونیٹیز کے درمیان بے چینی اور اضطراب روکنے کے لیے حساس علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کو الرٹ کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق غیر منصوبہ بند احتجاج کے لیے نوجوانوں کے گروہ اکھٹے ہونے کے نتیجے میں ایک بڑا مجمع اکھٹا ہو گیا تھا۔
It was a tense day of reporting from Leicester for me today. I interviewed a Hindu man wearing a motorbike helmet, holding an Indian flag on Belgrave road, the site of some of the unrest yesterday between a group of Muslim and Hindu men. Here’s what happened. ????????
— Aina J. Khan (@ainajkhan) September 18, 2022
پولیس کے عارضی چیف کانسٹیبل راب نکسن نے ہفتے کی شب جاری کردہ ایک ویڈیو میں شہریوں سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو فسادات میں ملوث ہونے سے دور رکھیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ لیسٹر میں تشدد اور نقصان پہنچانے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا “ہم مسلسل کمیونٹی کے رہنماؤں کی مدد سے امن اور بات چیت کی اپیل کر رہے ہیں ۔ ہم اپنے شہر میں تشدد اور بدامنی کو برداشت نہیں کریں گے۔”
‘بی بی سی’ نے اپنی رپورٹ میں لیسٹر میں ہندو اور چین مندروں کی نمائندگی کرنے والے سنجیو پٹیل کے حوالے سے کہا کہ انہیں بد امنی کے حالیہ واقعات سے شدید دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔ حالیہ چند روز کے دوران پیش آنے والے واقعات پر وہ خوف زدہ اور دکھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ہندو اور جین کمیونٹی کے افراد اپنے مسلمان بھائیوں، بہنوں اور رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اپنے دماغ اور سوچ کو ٹھنڈا رکھیں۔ یہ امن قائم کرنے کا وقت ہے جس کے لیے پرامن رہنے اور رابطہ کاری کی ضرورت ہے۔
لیسٹر میں قائم فیڈریشن آف مسلم آرگنائزیشنز کے سلمان ناگدی کا کہنا ہے کہ “ہم نے سڑکوں پر جو کچھ دیکھا ہے کہ وہ پریشان کن ہے۔ بھارت اور پاکستان کے کرکٹ میچ کے بعد کمیونٹی میں مسائل آتے رہے ہیں۔ اس کھیل کے موقع پر اکثر اجتماعات ہوتے ہیں لیکن ماضی میں ایسی خراب صورتِ حال پیش نہیں آئی۔”
انہوں نے کہا کہ کچھ بیزار نوجوان اس خرابی کا سبب بن رہے ہیں۔ ہمیں یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ اس صورتِ حال کو لازماً ختم ہونا چاہیے اور یہ والدین اور ان کے بچوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے ہونا چاہیے۔