دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی: جنرل زبیر محمود حیات

کراچی (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی جب کہ نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم تھامے رکھنا ہے۔

کراچی یونیورسٹی میں پاکستانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ مارچ کے مہینے میں فیصلہ ہوا کہ پاکستان بنانا ہے، پاکستانی قوم دنیا کی منفرد قوم ہے، ہم 70 سال پہلے قوم بنے ہیں، ہماری تہذیب ہزاروں سال قدیم ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی۔

جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے کہا مسلمان اقلیت نہیں بلکہ ایک قوم ہیں، پاکستان ہمیشہ مسلمان ملک رہے گا اور یہ ملک سب کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں، بھارت میں مسلمانوں کے گھر جلائے جاتے ہیں، 42 فیصد مسلمانوں کو ان کے پڑوسی قبول نہیں کرتے۔

جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ ہمارے اوپر سچ اور جھوٹ کی یلغار ہے، آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے اس لیے نیشنل ازم کو ابھارنے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا کے زریعے سے جھوٹ بھی سچ کے ساتھ ملا دیا جاتا ہے، نوجوانوں کو گمراہ کردیا گیا ہے تاہم نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم تھامے رکھنا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ 66 فیصد پاکستانی 30 برس سے کم عمر کے ہیں، پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، پاکستان کا جھنڈا پاکستان کی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، پاکستانی یوتھ کے پاس تمام وسائل موجود ہے، پاکستانی انتہائی با صلاحیت قوم ہے جب کہ نوجوانوں کے اندر، سیاسی، ثقافتی شعور موجود ہے۔

جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ پاکستان کے لوگ غیرت مند لوگ ہیں، مسلم دنیا میں پاکستان سب سے بڑی سائنسی قوت ہے، قومیں غلطیاں کرتی ہیں اور پھر ان سے سیکھتی ہیں، پاکستانی قوم کے پاس صلاحیت کی چنگاری ہے جس سے روشنی ہوتی ہے، پاکستانی دنیا میں جہاں جہاں موجود ہیں نمایاں مقام رکھتے ہیں

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں