سیالکوٹ (ڈیلی اردو) معروف شیعہ ذاکر نوید عاشق بی اے کو صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں دوران مجلس عزاء گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ نوید عاشق بی اے مجلس پڑھ رہے تھے کہ آبادی پٹھاناں والی میں تحریک لبیک کے رکن نے فائرنگ کر دی۔ جس سے نوید عاشق بی اے شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1576884395109015559?t=YmdiYI8HTyIXYVnlwfadPg&s=19
تفصیلات کے سیالکوٹ کے تھانہ صدر کے علاقہ کوٹھے پٹھاناں میں مجلس جاری تھی کہ اس دوران ذیشان نامی ملزم کیمرہ مین بن کر مجلس میں آیا اور ویڈیو بناتے ہوئے ذاکر نوید عاشق بی اے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ذاکر نوید عاشق بی اے موقع پر دم توڑ گیا۔ مقامی لوگوں نے ملزم کو زخمی حالت میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ذاکر نوید عاشق بی اے کی نعش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سانحے سے پورے علاقے میں سوگ کی فضاء قائم ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو حراست میں لے کر علاقہ کی ناکہ بندی کر دی۔
پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے واردات سے شواہد جمع کر لئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی مقدمہ درج نہیں ہوا، درخواست آنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کے مطابق ملزم ذیشان عرف اسماعیل کا طبی معائنہ کرایا جارہا ہے۔ دوران تفتیش قانون و انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔
ڈی پی او سیالکوٹ محمد فیصل کا کہنا ہے کہ شہر کا امن برباد کرنے کی مذموم سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کر کے تمام محرکات کو بے نقاب کیا جائے گا اور ملزم کو قانون کے مطابق عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
نوید عاشق بی اے کا قاتل تحریک لبیک جلالی گروپ کا رکن نکلا
سیالکوٹ میں مجلس عزاء کے دوران شیعہ ذاکر نوید عاشق بی اے کو قتل کرنیوالے ملزم کا تعلق تحریک لبیک (اشرف جلالی گروپ) سے نکلا۔ ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ وہ اشرف آصف جلالی کا شاگرد ہے اور ان کے ایماء پر ہی نوید عاشق بی اے کو قتل کیا ہے۔ ملزم ذیشان عرف اسماعیل قوم جٹ جو کہ کانواں لٹ ڈسکہ ضلع سیالکوٹ کا رہائشی ہے، کا کہنا ہے کہ وہ مولانا اشرف آصف جلالی کا شاگرد ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے مولانا اشرف آصف جلالی کا خطاب سن کر فیصلہ کیا کہ نوید عاشق بی اے کو قتل کر دے گا۔
سیالکوٹ پولیس نے ذاکر نوید عاشق بی اے کے فرزند شیخ محمد عمار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 شامل کی گئی ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق پولیس نے آصف اشرف جلالی کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ نے مدعی کو مشورہ دیا کہ آصف اشرف جلالی کا نام شامل کرنے سے فرقہ واریت کو ہوا ملنے کا خدشہ ہے، اس لئے ٹی ایل پی سربراہ کا نام ایف آئی آر میں شامل نہ کیا جائے، جس کے بعد پولیس نے اپنی مرضی سے مقدمہ درج کر لیا۔