پیانگ یانگ + سیول (ڈیلی اردو) شمالی اور جنوبی کوریا کی فورسز کے درمیان مغربی ساحل پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر سمندری حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ انہوں نے شمالی کوریا کی ایک کشتی کو سمندری حدود پار کرنے پر انتباہ جاری کرتے ہوئے فائرنگ کی۔
دوسری طرف شمالی کوریا کی ملٹری کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی نیوی کا ایک جہاز ’نامعلوم کشتی‘ کی تلاش کا بہانہ بنا کر بحری حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا، ہم نے وارننگ کے طور پر 10 راکٹ فائر کیے۔
شمالی کوریا کی پیپلز آرمی کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے دشمن کا جنگی جہاز داخل ہوتے ہی اسے روکنے کے ابتدائی اقدامات اٹھائے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا اقدام 2018 کے دو طرفہ فوجی معاہدے کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت سرحدی علاقوں میں غیر دوستانہ اقدامات پر پابندی ہے۔