پاکستان پر نگاہ رکھنے کیلئے بھارت کی 750 ڈرونز کی ہنگامی خریداری

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج سرحد پر نگاہ رکھنے کے لیے 750 ڈرونز ہنگامی طور پر خرید رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بھارتی آرمی کی جانب سے ڈرونز کی اس ہنگامی خریداری کو دشمنوں پر حملہ کرنے کے لیے اپنی سپیشل فورسزکی قوت کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ ڈرونز فاسٹ ٹریک خریداری کے ضابطوں کے تحت خریدے جا رہے ہیں۔

بھارتی فوج کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ “بھارتی فوج نے بھارتی حکومت کی جانب سے دفاعی افواج کو دیے گئے فاسٹ ٹریک خریداری کے اختیارات کے تحت 750 ڈرونز خریدنے کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔

” یہ ٹینڈر 25 اکتوبر کو جاری کیے گئے۔ جن 750 ڈرونز کو ہنگامی طور پر خریدا جا رہا ہے، انہیں آرمی کے پیرا شوٹ (اسپیشل فورسز) بٹالین کے حوالے کیا جائے گا۔ 

اس بٹالین کو دشمن کی لائن کے خلاف خصوصی مشن انجام دینے کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ لہٰذا اسے جدید ترین آلات سے لیس کیا جا رہا ہے۔

بھارتی فوج کے اعلی افسر کا کہنا تھا کہ جس ‘ریموٹلی پائلٹیڈ ایریئل وہیکل (آر پی اے وی) ڈرونز کی خریداری کے ٹینڈرجاری کیے گئے ہیں وہ ایک جدید ترین آلہ ہے جو دن رات ہرطرح کے حالات میں ہر وقت کام کر سکتا ہے اور اپنے ہدف کا پتہ لگا سکتا ہے۔

بھارتی فوج اس آر پی اے وی ڈورنز کے ذریعہ حاصل شدہ تھری ڈی امیج کا اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے خصوصی مشن میں استعمال کر سکتی ہے۔

بھارتی فوجی عہدیدار کا کہنا تھا، “یہ آلہ موقع کی مناسبت سے معلومات حاصل کرنے، مختصر دوری کی نگرانی، ہدف والے علاقے کو اسکیننگ کرنے اور ہدف کا 3 ڈی امیج حاصل کرنے کے استعمال کیا جائے گا تاکہ اس کی مدد سے اہداف والے علاقے میں داخل ہونے سے قبل منصوبہ بندی کی جاسکے۔

بھارتی میڈیا نے بھارتی فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان جدید ترین ڈرونز کی خریداری کا مقصد بظاہر سرحد پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنا اور ان کا مقابلہ کرنا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب بین الاقوامی سرحد پر حالیہ دنوں میں متعدد پاکستانی ڈرونز دیکھے گئے ہیں۔ 

رپورٹوں کے مطابق بھارتی فوج نے اب تک جن 23 پاکستانی ڈرونز کو مار گرایا ہے ان میں 13 صرف اس برس مار گرائے گئے۔

ماہرین کے مطابق آر پی اے وی ڈرونز 15 کلومیٹر کے دائرے میں اپنا مشن انجام دے سکتے ہیں۔ اور اگر ان کی کارکردگی اچھی پائی گئی تو مزید بڑی تعداد میں ان کی خریداری کے آرڈر دیے جائیں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں