بنوں: حمزہ تبلیغی مرکز کا دھماکہ خودکش حملہ قرار، مقدمہ درج

بنوں (ڈیلی اردو) پولیس کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تبلیغی مرکز کے باہر گذشتہ شام ہونے والا دھماکہ خودکش تھا۔ بنوں پولیس کے مطابق گیٹ پر مامور نگران کے روکنے پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بنوں کے تھانہ بکاخیل کی حدود میں تبلیغی مرکز میں دھماکہ ہوا تھا، فوری طور پر دھماکے کوسلنڈر دھماکہ قرار دیا گیا تھا مگر حقیقت میں وہ خودکش دھماکہ تھا، خودکش حملہ آور ہزاروں افراد کے مجمعے میں گھسنا چاہتا تھا کہ خود ہی پھٹ گیا۔

حمزہ تبلیغی مرکز میں شب جمعہ کیلئے بنوں شہر سمیت آس پاس کے علاقوں سے ہزاروں افراد شرکت کیلئے آتے ہیں۔

تھانہ سی ٹی ڈی میں ایس ایچ او بکاخیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا خودکش حملہ آور کا نام عبدالرؤف ہے جس کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔ جائے وقوعہ سے ریمورٹ کنٹرول، تیس بور کا پستول اور کارتوس برآمد ہوئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں