دمشق (ڈیلی اردو) اسرائیل کی جانب سے شام کے صوبے حمص کے ائیربیس پر میزائل حملوں کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی میزائل حملوں کا نشانہ بننے والا الشعیرات ائیربیس حالیہ دنوں ایرانی ائیرفورس کے زیر استعمال رہا تھا، فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں رن وے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ترجمان کی جانب سے اسے خارجی معاملہ کہہ کر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران روس کی جانب سے الشعیرات ائیربیس پر رن وے سمیت انڈر گراؤنڈ ائیر کرافٹ شیلٹرز کی تعمیر کی گئی ہے، جبکہ شامی صوبے حمص میں الشعیرات ائیربیس کے گرد و نواح میں روسی فوجیوں کی بڑی تعداد تعینات ہے جو کہ الشعیرات ائیربیس کا استعمال کرتے رہے ہیں۔