امریکی فوج نے جنوبی کوریا میں خلائی فورس کا یونٹ لانچ کردیا

واشبگٹن (ڈیلی اردو) امریکی فوج نے جنوبی کوریا میں خلائی فورس کا نیا یونٹ لانچ کردیا ہے، یہ یونٹ جنوبی کوریا کی طرف حملہ آور میزائلوں کی مانیٹرنگ، نشاندہی اور ان کی ٹریکنگ کی ذمہ داری انجام دے گا۔

پیونگٹیک شہر میں واقع اوسان ایئربیس پر یونٹ کی تشکیل کی باقاعدہ تقریب میں کوریا میں موجود امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل پال لاکمارا موجود تھے۔

امریکی خلائی یونٹ کی کمان لیفٹیننٹ کرنل جوشوا مک کلیون کریں گے۔

یونٹ ایسے وقت میں تشکیل دیا گیا ہے کہ جب سیئول اور واشنگٹن شمالی کوریا سے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سیکیورٹی تعاون بڑھا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے رواں برس امریکا تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تجربات کیے تھے۔

جنوبی کوریا کی فضائیہ نے بھی رواں مہینے اپنا خلائی یونٹ تشکیل دیا ہے تاکہ امریکی خلائی فورس کے ساتھ مل کر آپریشنل استعداد میں اضافہ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ساڑھے 28 ہزار امریکی فوجی دستے کوریا میں تعینات ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں