12

مسعود اظہر کا معاملہ حل کر لیا جائے گا: چینی سفیر

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چینی سفیر لو ژاؤ ہوئی نے یقین دلایا ہے کہ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد کی حیثیت سے نامزد کرنے کا معاملہ حل کرلیا جائے گا۔ بیجنگ کا کہنا تھا کہ ایسا انہوں نے تکنیکی بنیاد پر وقت حاصل کرنے کیلئے کیا تھا تاکہ معاملے پر بات چیت کی جاسکے اور سوچ سمجھ کر قدم اٹھایا جائے۔ اپنی رہائش گاہ پر ہولی کی تقریب میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ مسعود اظہر کا معاملہ حل ہوجائے گا، یہ محض ’ٹیکنیکل ہولڈ‘ کی بنیاد پر روکا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ جاری مشاورت کیلئے وقت چاہئے، یقین مانیے یہ حل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسعود اظہر کے حوالے سے ہم مکمل طور پر سمجھتے ہیں اور مکمل طور پر اس معاملے پر یقین رکھتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ چین بھارتی تحفظات سمجھتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔ 2017ء میں چین نے اقوام متحدہ کے ذریعے امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد نامزد کرنے کے اقدام کو روک دیا تھا۔

اقوام متحدہ میں اس وقت ایک غیر معمولی سخت پیغام میں ایک امریکی سفارتکار کا کہنا تھا کہ اگر بیجنگ دہشت گردی سے نمٹنے کے اس کے ریاستی مقصد کے حوالے سے سنجیدہ ہے تواسے پاکستان یا کسی بھی ملک کے دہشت گردوں کو نہیں بچانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ارکان کو دیگر کارروائیوں کی پیروی کیلئے زور دیا جا سکتا ہے تاہم انہوں ان کارروائیوں کی وضاحت نہیں کی۔

گزشتہ ہفتے فرانس نے مسعود اظہر کے اثاثے منجمد ک ردئیے اور کہا کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کرے گا۔ بیجنگ کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے تھے کہ کمیٹی کے پاس اس معاملے کے مطالعے کا کافی وقت ہو تاکہ متعلقہ فریقین کے پاس بات چیت اور مشاورت کیلئے وقت ہو۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ان درخواستوں کا مکمل اور گہرائی سے جائزہ لیتا ہے اور ہمیں اب بھی مزید وقت چاہئے ، اس لئے ہم نے تکنیکی طور پر اس معاملے کو روک دیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں