بھارت: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہیلی کاپٹر تیار کرنے والی سب سے بڑی فیکٹری کا افتتاح کردیا

نئی دہلی (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/اے ایف پی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں ہیلی کاپٹر تیار کرنے والی سب سے بڑی فیکٹری کا افتتاح کر دیا ہے۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں لگائی گئی اس فیکٹری میں دو عشروں میں ایک ہزار سے زائد ہیلی کاپٹر تیار کیے جا سکیں گے۔

ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے بھارتی وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوب مغربی ریاست کرناٹک میں لگائی گئی اس فیکٹری کا افتتاح پیر چھ فروری کو کیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس فیکٹری میں دو دہائیوں میں ایک ہزار سے زائد ہیلی کاپٹر تیار کیے جا سکیں گے، جن کی مالیت اربوں ڈالر کے برابر ہو گی۔ کرناٹک میں توماکورو کے مقام پر لگایا گیا یہ مینوفیکچرنگ پلانٹ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کی ملکیت ہے۔

اس فیکٹری کا افتتاح کرتے ہوئے بھارت کے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں کے دوران بھارت میں ایرواسپیس سیکٹر میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مالیت 2014ء سے پہلے کے 15 برسوں میں کی گئی سرمایہ کاری کا چار سے پانچ گنا بنتی ہے۔

نریندر مودی نے 2014ء کا حوالہ اس لیے دیا کہ وہ 2014ء میں ہی پہلی مرتبہ بھارتی وزیر اعظم بنے تھے اور اب تک سربراہ حکومت چلے آ رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا، ”بھارت میں اب اسالٹ رائفلوں اور طیارہ بردار بحری بیڑے سے لے کر جنگی طیاروں تک سب کچھ تیار کیا جا رہا ہے۔‘‘

بھارت اپنی تقریباﹰ 1.4 بلین کی آبادی کے ساتھ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کی فوج بھی اپنی مجموعی نفری کے لحاظ سے دنیا کی بڑی فوجوں میں شمار ہوتی ہے۔

جنوبی ایشیائی ملک بھارت، جو اپنے حریف ہمسایہ ملک پاکستان کی طرح ایک ایٹمی طاقت بھی ہے، عالمی سطح پر عسکری ساز و سامان کے سب سے بڑے درآمد کنندہ ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

تاریخی حوالے سے بھارت ماسکو کے ساتھ اپنے بہت قریبی تعلقات کے باعث عسکری سطح پر روس پر بھی بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں نئی دہلی نے اپنی ضرورت کا زیادہ سے زیادہ دفاعی سامان اندرون ملک ہی تیار کرنے پر بھی کافی توجہ دی ہے۔

بھارت کا ایک اور ہمسایہ ملک چین بھی ہے، جو ایٹمی طاقت بھی ہے اور جس کے ساتھ نئی دہلی کے روابط پاکستان کے ساتھ تعلقات کی طرح زیادہ تر کشیدگی سے عبارت ہی رہے ہیں۔ بھارت کی پاکستان اور چین کے ساتھ جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں